پاکستان

علامہ خادم حسین رضوی کو رہا کردیا گیا

شیئر کیجئے

لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ہونے پر دونوں رہنماؤں کی رہائی ممکن ہوسکی۔

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا کردیئے گئے ہیں۔

جسٹس قاسم علی خان اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی درخواست ضمانتوں کی سماعت کی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ٹی ایل پی کے دونوں رہنماؤں کی درخواست ضمانت پندرہ جولائی تک منظور کرتے ہوئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

دونوں رہنماؤں کو مال روڈ دھرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں کے خلاف بغاوت اور دہشتگردی کے مقدمات درج ہیں۔گزشتہ دنوں پیر افضل قادری نے ججز اور فوج کے خلاف متنازع تقریر پر معافی مانگتے ہوئے تحریک لبیک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

loading...

متعلقہ مضامین

Close
Close