کھیل

ٹی 10 لیگ میں ٹیم کراچیئنز کا نام تبدیل کردیا گیا

شیئر کیجئے

کراچی: شارجہ ٹی ٹین لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے سند ھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچیئنز کا نام تبدیل کرکے سندھیز رکھ دیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق کراچی میں ٹی ٹین کے ایم ڈی نواب سعد اللہ خان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ  پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی فہرست ایک دو دن میں جاری کردے گا جن کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی جانب سے منتخب کیا گیا ہے ان کے علاوہ تمام بڑے پاکستانی کھلاڑی شریک ہوں گے جس میں شاہد آفریدی نمایاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ایک سو صف اول کے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں ہوں گے جس کیلئے تیاریاں مکمل ہیں اور سندھیز کی ٹیم کے نئے مالکان سے بات چیت جاری ہے۔

ایم ڈی نے اعتراف کیا کہ ٹورنامنٹ سے قبل عدالتی جنگ سے ہمیں دھچکہ ضرور لگا ہے لیکن مالی نقصان کی اہمیت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لیگ میں شامل ٹیم کراچیئنز کا نام تبدیل کرکے سندھیز اور اس کے ساتھ ساتھ کیرالہ کنگز کا نام تبدیل کرکے کیرالہ نائٹس کردیا گیا ہے، عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، اس کیلئے اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے عدالت کی جانب ٹی 10 لیگ کو کلیئر قرار دینے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت فیصلہ قرار دیا جس سے پاکستان میں لیگ کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔

ایم ڈی ٹی 10 لیگ نے کہا کہ محمد حفیظ اس وقت پاکستان ٹیم کے ساتھ مصروف ہیں جب کہ محمد عامر کے بارے میں بورڈ کے جواب کا انتظار ہے، شعیب ملک نے نجی مصروفیت کی وجہ سےٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔

سعد اللہ خان نے کہا کہ اگلے سال ٹورنامنٹ کے میچ پاکستان میں کرانے کا پروگرام ہے، اس سال سیمی فائنل اور فائنل پاکستان میں کرانا چاہتے تھے لیکن لاجسٹکس کی وجہ سے پی سی بی نے ایک سال بعد ٹورنامنٹ کے میچ پاکستان کرانے کے لئے کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹین کے ذریعے بھی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد دینا چاہتے ہیں، لیگ کی تشہیری مہم تیز کردی گئی ہے اور اب پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ کے دوسرے سیزن میں 29 میچز کھیلے جائیں گے اور تمام مقابلے 21 نومبر سے 2 دسمبر کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

loading...

متعلقہ مضامین

Close
Close